جدہ:تلنگانہ اردواکیڈمی کے ڈائریکٹر کے اعزاز میں استقبالیہ نشست
ریاست تلنگانہ کی اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر سیکریٹری پروفیسر ایس ایس عبدالشکور کی جدہ آمد کے موقع پر اردو اکیڈمی کے محمد لیاقت علی خان کے گھر پر ایک نشست کا اہتمام کیا گیا۔ کارگزار صدر اردو اکیڈمی شیخ ابراہیم نے مہمان پروفیسر عبدالشکور کو بتایا کہ اہل جدہ کے تعاون سے ہماری اکیڈمی وطن عزیز حیدرآباد دکن میں اردو کے فروغ کیلئے گولڈ میڈل اورنصابی کتابوں ، اسکول بیگ اور دیگر اشیاء اردو میڈیم مدارس کے طلباء میں ہر سال تقسیم کرتی ہے۔ یہ کام حیدرآباد میں اکیڈمی کے صدر سید جمال اللہ قادری اور غلام صمدانی کی نگرانی میں انجام پاتے ہیں۔ جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے بتایا کہ ہمارے پاس شہر میں چلنے والے اردو میڈیم اسکولوں کی مکمل رپورٹ موجود ہے جس کے ذریعے سے ہم ان اسکولوں کے دورے کرتے ہیں۔ جہاں تعلیمی معیار اور تعداد کم ہوتی ہے ، ہماری ٹیم ان محلوں کا سروے کرکے بچوں کے والدین میں تعلیمی شعور کو بیدار کرواتی ہے اور اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے کیلئے مدارس کو بھیجنے کی ترغیب دیتی ہے ۔ ہم انہیں فیس اور یونیفارم اور کتابوں کی ذمہ داری سے بھی آزاد کرتے ہوئے یہ یقین دلاتے ہیں اردو اکیڈمی ان ذمہ داریوں کو اٹھائیگی۔ آپ صرف بچو ں کو اسکول بھیجنے کا ذہن بنالیں ۔ نیز جو طلباء اور اساتذہ بہترین کارکردگی انجام دیتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کیلئے سالانہ امتحانات کے بعد انہیں گولڈ میڈل دیاجاتاہے ۔ سید خالد حسین مدنی ، لیاقت علی خان ، منور علی خان ، محمد یوسف وحید نے مہمان کو بتایا کہ اردو اکیڈمی جدہ ہر سال بڑے پیمانے پر مولانا ابوالکلام آزاد ڈے کا انعقاد عمل میں لاتی ہے جس میں کئی مدارس کے بچے تقریری و تمثیلی مشاعرے میں حصہ لیتے ہیں ۔ مہمان ڈائریکٹر سیکریٹری اردو اکیڈمی تلنگانہ نے ان کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جس ذمہ داری اور سچی لگن سے اردو اکیڈمی جدہ اردو کی خدمت کررہی ہے اُس سے یقین ہوتا ہے کہ اردو کبھی مر نہیں سکتی بلکہ یہ کہوں تو بیجا نہیں کہ اردو روز بروز ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کی جانب سے اردو مدارس کو دیئے جانیوالے مراعات کا ذکر کیا اور کہا کہ ہم بھرپور کوشش کررہے ہیں، حکومت کے اعلانات کا بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔ریاست تلنگانہ نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے، اب ہمارے سیاستداں اس کو رائج کرانے میں تھوڑا وقت دیں تو اردو ریاست میں پھلے اور پھولے گی ۔ تقریب میں محمود بلشرف ، محمد ضیاء،محمد قیام ، محمد لئیق کے علاوہ دیگر احباب نے بھی شرکت کی ۔