کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سے بغض کی وجہ سے ایگزٹ کنٹرول میں ایسے لوگوں کے نام بھی شامل کردیے گئے ہیں جو انتقال کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیا جائے گا، مگر وفاقی حکومت نے سندھ میں گیس کا بحران بھی پیدا کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی حکومت زمین پر ہے ہمیں عوام کے مسائل کا پتا ہے، کسی پورٹل کی ضرورت نہیں، وفاقی حکومت محلاتی سازشیں چھوڑ دے ، آئین اور قانون کے مطابق کردار ادا کرے۔ سندھ حکومت 2 سال سے کوشش کررہی ہے کہ عوام کو 1200 کیوسک اضافی پانی ملے۔ کراچی کے پانی کے معاملے پر تحریک انصاف نے سندھ حکومت کی کوئی مدد نہیں کی انہوں نے سندھ میں گیس کا بحران پیدا کیا۔سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کی سزا نہ دی جائے ۔