Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپ ٹاون ٹیسٹ :پاکستان کا مایوس کن آغاز،177رنز پر آوٹ

کیپ ٹاون:جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری کے باوجود پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 177رنز پر آوٹ ہو گئی۔جواب میں جنوبی افریقہ نے 2وکٹوں پر 123رنز بنا لئے۔کیپ ٹاون میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کیلئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔امام الحق کا وکٹ پر قیام محدود رہا اور ٹیم میں واپس آنے والے ورنن فلینڈر نے 8 رنز پرامام الحق کی اننگز کا خاتمہ کردیا ،فخرزمان صرف ایک رنز بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ تجربہ کار اظہر علی بھی صرف 2 رنز بناسکے۔19رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے اسد شفیق آئے، دونوں نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی تاہم 51 رنز پر کگیسو ربادا کی گیند پر اسد شفیق سلپ میں کیچ ہوگئے ، انہوں نے 20 رنز بنائے۔ اگلے اوور میں ڈوان اولیویئر نے بابر اعظم کو2رنز پر آوٹ کردیا ،54رنز پر آدھی ٹیم آوٹ ہوچکی تھی ۔اس موقع پر شان مسعود اور کپتان سرفراز احمد وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے 7ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 60رنز کی شراکت قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ربادا نے ٹیم کو ایک اورکامیابی دلاتے ہوئے 44رنز بنانے والے شان مسعود کو وکٹ کیپر کی مدد سے آوٹ کر دیا۔ سرفراز نے محمد عامر کے ساتھ 42رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن پہلے میچ کے ہیرو اولیویئر نے ا سرفراز کی اہم وکٹ حاصل کرلی ، سرفرازنے 56رنز بنائے۔محمدعامر 22رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،پاکستان کی پوری ٹیم 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ڈوان اولیویئر نے 4 وکٹیں لیں جبکہ ڈیل اسٹین نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ نے ذمہ دارانہ اندازسے تعاقب جوابی اننگز کا آغازکیا توڈین ایلگرکو20رنز پر عامر نے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آوٹ کردیا۔ہاشم آملا نے میکرم کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور 123رنز تک پہنچایا توشان مسعود نے اپنے پہلے ہی اوور میں میکرم کو78رنز پر بولڈکردیا۔پہلے دن کے کھیل کا اختتام اسی اسکور پر ہوگیا۔ دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی۔جنوبی افریقہ نے اسپنر کیشو مہاراج کی جگہ ورنن فلینڈرز کو ٹیم میں شامل کیا ۔پاکستان نے حسن علی کی جگہ محمد عباس کو شامل کیا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: