سرکاری حج پیکیج میں ایک لاکھ روپے اضافہ متوقع
اسلام آباد... وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ۔ باقاعدہ اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے آئندہ حج پیکج ایک لاکھ روپے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی حج پالیسی آئندہ ہفتے دوران وفاقی کابینہ کو منظوری کے لئے بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ رواں سال ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے اثرات زندگی کے دیگر شعبوں پر پڑے ہیں۔ اسی طرح حج پیکج بھی متاثر ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ حج پیکیج گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے سے زائد مہنگا ہوگا ۔وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ پاکستانی حاجیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔