Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: اسکول وینز کیخلاف کریک ڈاﺅن

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ دنوں ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 14 بچے جھلسنے کے واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے سی این جی سلنڈر پر چلنے والی اسکول وینز کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کیا گیا ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس نے سی این جی اور ایل پی جی پر چلنے والی گاڑیوں خصوصاً اسکول وینز کے خلاف مہم حادثے کے بعد شروع کی ہے جس کے خلاف وین مالکان اور ڈرائیورز نے بھی احتجاج شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں اسکول وین مالکان اور ڈرائیورز نے احتجاج کے دوران پلے کارڈ اٹھا کر مظاہرہ کیا جن پر ٹریفک پولیس کے رویے کے خلاف نعرے درج تھے۔ پریس کلب تک کیے جانے والے مارچ میں اسکول وین مالکان اور ڈرائیورز نے احتجاج ریکارڈ کرایا اور سی این جی سلنڈر پر اسکول وینز چلانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث اسکولوں میں طالب علموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ رات کو وین ڈرائیور کا میسج آیا کہ وہ بچوں کو لینے نہیں آئیں گے اور اگر سی این جی سے پیٹرول پر گاڑی میں تبدیلی کرائی جاتی ہے تو کرائے میں بھی اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں اسکول وین میں اچانک آگ لگنے کے باعث 14 بچے جھلس گئے تھے ۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے ۔ 
 
 

شیئر: