راﺅانوار کا پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں راﺅانوار کا نام ایگزٹ کنٹرول سے نکالنے کی درخواست مسترد ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار نے پہلے کیوں نہیں بتایاراﺅ انوار کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق راﺅانوار کے وکیل نے عدالت کے پوچھنے پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ راﺅ انوار بری نہیں ہوئے بلکہ وہ ضمانت پر ہیں۔ ان کا خاندان ملک سے باہر ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ راﺅ انوار کی فیملی کو بھی پاکستان بلا لیں۔ راﺅ انوار نے ایک بندہ مار دیا، اب باہر جانے کا کہہ رہا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ راﺅ انوار کو کیسے پکڑا گیا۔ وہ اتنے دن مفرور رہا۔ اب کیسے جانے دیں؟ جب تک ٹرائل مکمل نہیں ہوتا، راﺅانوار پاکستان سے نہیں جا سکتا، یہیں رہے گا۔ اس کا پاسپورٹ ضبط کرلیا جائے۔