کراچی میں بارش کا امکان‘ لاہور میں سردی‘ بالائی علاقوں میں برفباری
کراچی ؍ اسلام آباد: شہر قائد میں آج صبح سے آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ سرد موسم اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعد شہر میں بارش کی پیش گوئی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی کا موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ ماہرین کا ہنا ہے کہ شہر میں بوندا باندی اور بارش کسی بھی وقت شروع ہو سکتی ہے۔ کراچی میں شمال مشرقی ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کے بعد کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں 12 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور اس سے پہلے کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ بھی ریکارڈ ہوا تھا۔ علاوہ ازیں رات گئے لاہور سمیت ئی شہروں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم کی شدت بڑھ گئی جبکہ گلگت، مری، استور، دیر بالا، وادی نیلم، باغ، پونچھ میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ وسیع علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے پہنچ رہی ہے جبکہ کئی علاقوں سے سیاحوں کے راستوں میں پھنس جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مکران کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے ۔