ارکان پارلیمنٹ بوڑھے ہورہے ہیں، نوجوانوں کو ایوان میں پہنچنا چاہیئے، اویسی
حیدرآباد- - - -حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مجلس اسد الدین اویسی نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا میں سب سے زیادہ عمر رسیدہ ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے اس کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں اوسط عمر 27 برس کے جوانوں کی ہے تو پارلیمنٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی اوسط عمر 55 سال ہے۔ اس طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اگر کسی سیاسی خاندان سے تعلق ہے تو انہیں پہلے الیکشن میں قبول کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے بعد کے الیکشن سے ان کے خاندان کے بجائے صرف انکی کارکردگی کو قبول کیا جانا چاہیئے۔ نوجوانوں کو پارلیمنٹ میں پہنچنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ اسد اویسی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مقابلے کیلئے عمر کی حد 25 برس سے کم کی جائے ۔ جب 20 برس کی عمر میں نوجوان کو کم عمر تصور نہیں کیا جاتا اور اس پر قانون کامکمل نفاذ ہوتا ہے بلکہ ووٹ بھی ڈال سکتا ہے تو پھر انتخابی مقابلہ کیوں نہیں کرسکتا۔ انہوں نےتعلیم یافتہ نوجوانوں سے سیاسی میدان میں آگے آنے کی اپیل کی۔