ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم‘ احتجاج ختم کرنے کی حکومتی اپیل
کراچی: حکومت سندھ نے گزشتہ روز سے ہڑتال پر بیٹھے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ان کی مراعات میں اضافہ کردیا جس کے بعد صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مریضوں کی پریشانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ترجمان محکمہ صحت کے مطابق مختلف گریڈز میں اضافہ 25 ہزار سے 75 ہزار تک کیا گیا ہے جس کے تحت گریڈ 17 اور 18کے ڈاکٹرز 60 ہزار تک الاﺅنس لے سکیں گے جب کہ گریڈ 19 اور 20 کے ڈاکٹرز 90 ہزار روپے تک الاﺅنس لے سکیں گے ۔ مطالبات کی منظوری کے بعد صوبائی وزیر صحت نے ڈاکٹرز سے مطالبہ کیا کہ اسپتالوں میں موجود مریض اور ان کے تیمار دار سخت مصائب کا شکار ہیں، لہٰذا مطالبہ پورا ہونے کے بعد اب احتجاج ختم کردیا جائے۔ دوسری جانب مطالبات کی منظوری کے بعد بھی ینگ ڈاکٹرز کی طرف سے ہڑتال ختم کرنے کا تاحال باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔