سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں‘ بزدار
اسلام آباد: پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی تحقیقات شفاف انداز سے جاری ہیں، اور اگر اس معاملے میں کوئی مسئلہ ہوا تو پھر کوئی دوسرا راستہ دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے پر جوڈیشل کمیشن کی فوری طور پر کوئی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیرا علیٰ پنجاب نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی کے 5 اہل کاروں کے خلاف کارروائی کر چکے ہیں اور 2 افسران کے خلاف معطلی کی انضباطی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ہر شخص کے خلاف کارروائی ہورہی ہے اور 2 دن بعد اس معاملے پر دوبارہ بریفنگ لوں گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لواحقین کو 2 کروڑ روپے کی رقم دیں گے۔ قبل ازیں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کے بجائے مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی تھی کہ معاملے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔