برطرفیوں اور تنخواہوں کے معاملے پر صحافی سڑکوں پر
کراچی: ذرائع ابلاغ کے اداروں، میڈیا ہاﺅسز سے ملازمین کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی سمیت تاخیر سے ادائیگی اور کٹوتی کے خلاف جوائنٹ ورکرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے ملک گیر احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے احتجاجی کیمپ اور دھرنے میں صحافیوں کی نمایندہ تنظیموں، ٹریڈ یونینز، سول سوسائٹی سے وابستہ افراد، سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق احتجاجی دھرنے کے شرکا نے احتجاج کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈز اور احتجاجی نعرے لکھے ہوئے بینر اٹھا رکھے تھے، اس دوران دھرنا دے کر سڑک بلاک کی گئی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کے ادارے اور میڈیا ہاﺅسز میں کارکنوں کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے اور اس پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں صورت حال کا فوری طور پر نوٹس لیں بصورت دیگر پارلیمنٹ ہاﺅس اور دیگر اہم مقامات سمیت ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔