آسٹریلیا نے سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز جیت لی
کینبرا: آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف دوسرا اور آخری ٹیسٹ 366رنزکے بڑے فرق سے جیت کر مہمان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔کھیل کے چوتھے دن فتح کیلئے 498رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ایک مرتبہ پھر آسٹریلوی بولرز کے لئے تختہ مشق بنی رہی اور 149رنز ہی بنا سکی۔آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک مین آف دی میچ جبکہ پیٹ کمنز مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 196/3پر ڈیکلیئر کرکے سری لنکا کو 516رنز کا مجموعی ہدف دیا تھا اور تیسرے دن اس نے بغیر کسی نقصان کے17رنز بنا ئے تھے۔ سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو ایک رن کے اضافے پر اس کی پہلی وکٹ گری اور اس کے بعد یہ سلسلہ تسلسل سے جاری رہا ۔کوشل مینڈس 42رنز کے ساتھ بولرزکے سامنے کچھ دیر ٹھہرنے میں کامیاب رہے جبکہ لاہیرو تھریمانے 30، نیروشان ڈکویلا 27اورچمیکا کرونا رتنے22رنز بنا سکے ۔مچل اسٹارک نے5اور پیٹ کمنز نے3وکٹیں لیں۔ایک کھلاڑی کو جھے رچرڈ سن اور مارنس لیبوشین نے آوٹ کیا۔مچل اسٹارک نے پہلی اننگز میں بھی 5وکٹیں لی تھیں جس کے سبب انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں