عمران خان ،ٹرمپ سے ملنے کو تیار؟
لندن ...وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی آزاد ہے۔ملک چھوڑناچاہے تو چھوڑ سکتی ہے ۔پاکستان میں رہی تو حکومت تحفظ فراہم کریگی ۔آزاد کشمیر میں سب کو رسائی دی ہوئی ہے۔سب کو کہتے ہیں آئیں اورصورتحال کا خود جائزہ لیں۔ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں۔ ہند کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہا ہے۔ ا سے چھپانے کےلئے وہاں رسائی نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہتے رہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ۔پاکستان افغانستان مسئلے کے پرامن حل کے سلسلے میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان پاکستان کے مفاد میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت کسی سے بھی ملنے کو تیار ہیں۔ ایک انٹرویومیں شاہ محمود نے کہاکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے ۔ایسا کر نے والوں کی گرفتاریاں کیں اور جیلوں میں ڈالا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و خوشحالی کا خواہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ افغان مسئلہ کا واحد حل مذاکرات کے ذریعے سیاسی مفاہمت ہے۔انہوںنے کہاکہ جب امریکی قیادت میں سیاسی مفاہمت میں دلچسپی کا اظہار کیا تو پاکستان نے سہولت کاری کی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ فوجی طاقت سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔