سفارت خانہ پاکستان کویت میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب
محمد عرفان شفیق۔ کویت
یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان کویت میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور تنظیموں کے صدور نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ عامر نے حاصل کی،جس کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں نہتے کشمیری عوام پر انڈین فوج کے مظالم دکھائے گئے۔ سفیر پاکستان غلام دستگیر نے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جو ورکنگ ڈے کے باوجود آئے۔انہوں نے کہا کہ جب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک شروع ہوئی ہے ،ایک لاکھ کے قریب نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے اور ہزاروں خواتین کی عزتیں پامال کی گئیں۔ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جس کے کسی نہ کسی فرد نے جام شہادت نوش نہ کیا ہو۔آخر میں حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی ،پاکستان اور کویت کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کروائی۔