Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروگرامرز کی شدید قلت ہے، سائبر سیکیورٹی

 ریاض۔۔۔سعودی عرب میں تیز رفتار ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے لئے مملکت کے پاس پروگرامروں کی شدید قلت ہے۔ اگر سعودی پروگرامرز  کی تعداد میں اضافہ نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں شدید بحران کا سامنا ہوگا۔ یہ بات سعودی سائبر سیکیورٹی ادارے کے سربراہ متعب القنی نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی ہماری توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ اس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں سعودی پروگرامرز  کی شدید ضرورت ہے۔ ہمارے تعلیمی ادارے سالانہ 5ہزار سعودی پروگرامر تیار کرتے ہیں مگر افسوس کہ عملی طور پر یہ نوجوان لیبر مارکیٹ کے لئے تیار نہیں ہوتے۔ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا تاکہ وہاں سے فارغ التحصیل نوجوان لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی سائبر سیکیورٹی ادارہ اس کمی کو پورا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں دستیاب سعودی پروگراموں کو جمع کیا گیا ہے تاکہ انہیں جدید اور ترقی یافتہ کورسز کے ذریعہ نئی تبدیلیوں کے ساتھ مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہم آہنگ کیا جاسکے۔ اس وقت مملکت کے تمام اداروں میں سعودی پروگرامروں کی شدید ضرورت ہے جبکہ دستیاب تعداد ناکافی ہے۔ ہمارا منصوبہ ہے کہ ہم 25ہزار سعودی نوجوانوں کو مختلف کورسز کروائیں گے تاکہ انہیں مارکیٹ کے لئے تیار کیا جاسکے۔

شیئر: