آسٹریلیا کو پاکستان بلانے کی کوششیں ناکام، شیڈول جاری
لاہور:آسٹریلیا کو پاکستان بلانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں جس کے بعد متحدہ عرب امارات میں سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اورآسٹریلیا میں 5 میچز کی سیریز 22 سے 31 مارچ تک یو اے ای میں ہوگی۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 22 اور دوسرا 24 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا تیسرامیچ 27 مارچ کو ابوظبی میںہو گا۔ چوتھا اور پانچواں ون ڈے 29 اور31 مارچ کودبئی میں شیڈول ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ آسٹریلیا کو پاکستان میں میچز کھیلنے کی پیشکش کریں گے۔عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی ٹیم پانچویں اور آسٹریلیا 2 پوائنٹس کے فرق سے چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ سیریز میں پاکستان کو اپنی پانچویں پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہو گا۔پاکستان کی جانب سے بھرپورکوشش کی جا رہی تھی کہ آسٹریلوی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے رضا مند ہو جائے تاہم آسٹریلیا نے اپنے مشیروں کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے پر سیکیورٹی وجوہ کے باعث پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔ سیریز کھیلنے سے انکار کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ پی ایس ایل 2019 ءکے پاکستان میں منعقد ہونے والے میچز میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے سیکیورٹی ماہرین کو پاکستان بھیجیں گے جبکہ پاکستان میں دیگر ٹیموں کے میچز منعقد ہونے کی صورت میں بھی وہ اپنے ماہرین کو بھیجیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں