پاکستان میں پے پال پر کوئی پابندی نہیں‘ وفاقی وزیر خزانہ
پشاور: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آن لائن پیمنٹ نظام پے پال پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کمپنی پر بندش کو مسترد کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس میں ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پے پال مجھ سمیت کسی حکومتی ادارے کی ڈیسک پر نہیں رُکا ہوا، ہم نے تو اس حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ جو نوجوان گھر بیٹھے کام کرتے ہیں، ان کے لیے یہ روزگار کا زبردست ذریعہ ہے، پے پال یا کوئی اچھا آن لائن پیمنٹ سسٹم نہ ہونے سے انہیں مشکلات ہورہی ہیں۔ اسد عمر نے بتایا کہ پے پال کے سی ای او کو پیغام بھجوایا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے بہت ضروری چیز ہے، ان سے ملاقات کے لیے خود امریکا آنے کا بھی کہا ہے ، ابھی اس پر بات چیت شروع ہوئی ہے ۔