ولی عہد نے کنگ عبداللہ بندرگاہ کا افتتاح کردیا
رابغ۔۔۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کی رات رابغ میں کنگ عبداللہ تجارتی بندرگاہ کا افتتاح کردیا۔ یہ سعودی عرب سمیت خطے کی مکمل تجارتی جدید ترین بندرگاہ ہے۔ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں واقع ہے۔ یہ اپنے اسٹراٹیجک محل وقوع اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ مکمل خدمات کے حوالے سے منفرد ہے۔ یہ بندرگاہ سعودی عرب کی آبادی میں متوقع اضافے کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ جون 2020ءمیں بندرگاہ کا تمام تعمیراتی کام مکمل ہوجائیگا جس سے ہزاروں سعودی نوجوانوں کوروزگار ملے گا۔کنگ عبداللہ بندرگاہ کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبداللہ ریان قطب نے بتایا کہ اس بندرگاہ سے سعودی عوام کو بے شمار فوائد حاصل ہونگے۔ یہ سعودی عرب کی پہلی بندرگاہ ہے جسکا انتظام پرائیویٹ سیکٹر کے ہاتھ میں ہوگا۔ اس موقع پر بندرگاہ کے ادارے اور متعدد کمپنیوںمیں 4معاہدے بھی ہوئے۔ ولی عہد کو اس موقع پر کنگ عبداللہ بندرگاہ کی تعارفی فلم بھی دکھائی گئی۔