کل سے 40 ہزار روپے والے انعامی بانڈز جاری نہیں ہوں گے
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز کا اجرا روک دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 15 فروری (کل) سے ملک میں 15 ہزار روپے مالیت کے نئے انعامی بانڈز کا اجرا روک دیا گیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مرکز قومی بچت اور کمرشل بینکوں کو بھی کل سے نئے انعامی بانڈز جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے جاری کردہ 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز قائم رہیں گے اور ان کے انعامات بھی فراہم کیے جائیں گے اور ان کی خریدو فروخت بھی جاری رہے گی، تاہم 15 فروری سے 40 ہزار روپے مالیت کا مزید کوئی انعامی بانڈ جاری نہیں ہوگا۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام دفاتر کو کل دفتری اوقات ختم ہونے سے پہلے فروخت ہونے والے انعامی بانڈز کی فہرست (سیریز) کی تفصیلات فراہم کر نے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔