چینی زبان نصاب میں شامل کرنے سے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ماہرین تعلیم
ریاض۔۔۔ چینی زبان کو نصاب میں شامل کرنا مستحسن اقدام ہے جس سے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔یہ فیصلہ ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی دور رس نگاہ کا عکاس ہے۔ یہ بات شعبہ تعلیم سے وابستہ ماہرین نے سبق ویب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چینی زبان نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ وژن2030سے ہم آہنگ ہے۔ مستقبل کے معمار اس سے بہتر طریقہ سے فائدہ اٹھائیں گے نیز چین کی ٹیکنالوجی سے بھر پور طریقہ سے کام لیا جاسکے گا۔ محکمہ تعلیم الافلاج کے سربراہ ڈاکٹر محمد آل مغیرہ نے کہا ہے کہ چینی زبان کو نصاب میں شامل کرنا حکیمانہ فیصلہ ہے ۔ نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے علاوہ چین جیسی عظیم طاقت کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم ہوگا۔ سراة عبیدہ محکمہ تعلیم کے سربراہ ڈاکٹر ملفی العتیبی نے کہا کہ چینی ز بان سیکھنے سے نوجوانوں کو عربی اور انگریزی کے علاوہ تیسر ی زبان فراہم ہوگی ۔ اس سے مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگی۔ مدینہ منورہ محکمہ تعلیم کے سربراہ ناصر العبد الحکیم نے کہا کہ اسٹراٹیجک فیصلہ ہے جو انتہائی مناسب وقت پر کیا گیا۔ وژن2030کی تکمیل میں مدد ہوگی۔ اقتصادی اور ثقافتی روابط بڑھیں گے۔ الزلفی محکمہ تعلیم کے سربراہ محمد الطریقی نے کہا کہ چینی تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ چین مستقبل میں سپر پاور ہوگا۔ اس کی زبان سیکھنے سے چینی صنعت سے فائدہ اٹھانے کے علاوہ مملکت او رچین کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ عسیر محکمہ تعلیم کے سربراہ جلوی آل کرکمان نے کہا ہے کہ تیز رفتار ترقی سے ہم آہنگی ہوگی ۔ ہمارے نوجوان مختلف علوم اور فنون سیکھیں گے۔ اس سے مجموعی طور پر ملک اور قوم کا ہی فائدہ ہوگا۔ ا لعلا محکمہ تعلیم کے سربراہ ابراہیم القاضی نے کہاہے کہ چینی زبان کو شامل کرنے سے عرب اور چینی تہذیب کے درمیان دوری سمٹ جائے گی ۔