Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کی 7 وکٹوں سے کامیاب

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں اسلام آباد نے لیوک رونکی اور سمیت پٹیل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کرنے والے نیوزی لینڈ کے کالن منرو پہلی ہی گیند پر رومان رئیس کی گیند پر بڑی شارٹ کھیلتے ہوئے باونڈری پر کیچ آوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم روایتی انداز میں کھیلتے رہے تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں۔ محمد موسیٰ نے 19 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے اویس ضیا ءجبکہ فہیم اشرف نے 5 رنز بنانے والے کولن انگرام کو 25 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ شاداب خان کی کپتانی میں کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کراچی کنگز کے بیٹسمین کو دباو میں لینے کیلئے کوششیں کرتے رہے جو کامیاب ہوتی رہیں۔ کراچی کنگز کے نئے آنے والے بیٹسن لیونگسٹن نے بابر اعظم کا ساتھ دیا اور اسکور میں 21 رنز کا اضافہ کیا تاہم 46 کے اسکور پر بابر اعظم ایک مرتبہ پھر رن آوٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے 74 کے مجموعے پر 22 رنز بنانے والے لیونگسٹن جبکہ اگلی ہی گیند پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بھی بولڈ کردیا۔ کراچی کنگز کے بین ڈنک اور عامر یامین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے جارحانہ مزاج میں بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز کی اہم پارٹنر شپ فراہم کی جس کی بدولت وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو 144 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے، رومان رئیس اور محمد موسیٰ ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 5 کے مجموعے پر کیمرون ڈیلپورٹ صفر پر رن آوٹ ہوگئے۔لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز کی شراکت فراہم کی جو میچ میں واضح فرق ثابت ہوئی۔صاحبزادہ فرحان 30 رنز بنا کر 85 کے مجموعے پر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے تو ان کے بعد آنے والے بیٹسمین حسین طلعت اگلی ہی گیند پر اسٹمپ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یہ میچ بھی اسی وکٹ پر کچھ دیر پہلے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے میچ کی طرح آخری لمحات میں پہنچ کر سنسنی خیز ہوجائے گا۔امیدوں کے برعکس شاداب خان نے سمیت پٹیل کو بیٹنگ لائن میں اوپر نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اپنے جوہر دکھائے اور 30 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 45 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح دلوائی۔ اوپنر لیوک رونکی 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 67 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے اور نہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔کراچی کنگز کے عماد وسیم کے علاوہ کوئی بھی بولر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: