2019ءمیں مملکت میں 17نئے ہوٹل کھولے جائینگے، محکمہ سیاحت
ریاض۔۔۔ محکمہ سیاحت و قومی آثار نے اعلان کیا ہے کہ 2019ءکے دوران سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 17نئے ہوٹل کھولے جائیں گے جبکہ 2020ءمیں 12نئے ہوٹل کھولنے کا پروگرام ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018ءکے دوران 842سیاحت گاہوں کے اجازت نامے جاری ہوئے ۔ ان میں ہوٹل، فرنشڈ اپارٹمنٹس، ہوٹل والے بنگلے، فلیٹس، شاہراہوں پر قائم ہوٹل شامل ہیں۔ محکمہ سیاحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ 5برسو ںکے دوران سعودی عرب میں درمیانے درجے کے ہوٹلوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ان میں سے 54فیصد مکہ مکرمہ، 16فیصد ریاض اور 12فیصد جدہ میں کھولے جائیں گے۔ ہوٹلوں پر سرمایہ لگانے والے محمد عوض اللہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں سیاحوں کے حوالے سے اوسط درجے کے ہوٹلوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور آئندہ برسو ںمیں مزید بڑھے گی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ بعض سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں نے سفری اخراجات کم کردیئے ہیں۔ اس وجہ سے بھی اوسط درجے کے ہوٹلوں کی طلب بڑھنے لگی ہے۔ دوسری جانب ”بنش “ کمپنی کے چیئرمین جوناسان ورسلی نے بتایا کہ مملکت میں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی کامیابی کے بڑے امکانات ہیں۔ آئندہ 3برسوں کے دوران 3اور 4اسٹارز کے ہوٹل کثیر تعدادمیں کھلیں گے۔