ریاض۔۔۔۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے جو تارکین وطن 3ماہ کے اندر سعودی عرب سے چلے جائیں گے انہیںبیدخلی پرلئے جانیوالے فنگر پرنٹ سے استثنیٰ دیدیا جائے گا۔الوطن اخبار کے مطابق اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی پکڑدھکڑ کا دوسرا مرحلہ اتوار کو شروع ہوگا۔ غیر قانونی تارکین کو 3ماہ کی مہلت دی جارہی ہے۔ غیر قانونی تارکین کے خلاف آپریشن 3مرحلوں میں نافذ ہوناہے۔ پہلا مرحلہ منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔ دوسرے مرحلے کا آغاز 15جنوری اتوار کو شروع ہوگاجو90دن تک جاری رہے گا۔تیسرا مرحلہ17رجب1438ھ مطابق 14اپریل 2017سے نافذ کیا جائے گا۔دوسرے مرحلے کے تحت غیر قانونی تارکین کو موقع دیا جائے گا کہ پہلے مکاتب العمل اور پھر جوازات سے رجوع کرکے خروج نہائی ویزہ حاصل کریں۔ انہیں مقررہ جرمانے اور فیسیں ادا کرنی ہونگی۔آن لائن معلوم ہوجائے گا کہ کس تارکین وطن نے وزارت محنت و سماجی فروغ سے کارروائی مکمل کرالی اور کس نے جوازات سے اگلے مرحلے کی کارروائی کیلئے رجوع کرلیا ۔ایسے تارکین وطن جو اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرکے قیام پذیر ہونگے اور کمپیوٹر میں کوئی منفی ریکارڈ نہیں ہوگا۔ وہ سفر کیلئے کفیل کو اپنے ہمراہ لائیں گے تاکہ کارروائی کی جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے تحت دراندازی حج ، عمرہ اور زیارت کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے حوالے سے کارروائی ہوگی۔ ان میں سے کوئی شخص سیکیورٹی اداروں کو مطلوب ہوگا تو اسے ادارے کے حوالے کردیا جائے گا۔ سیکیورٹی ریکارڈ صاف ہوگا توانہیں 9کارروائیاںمکمل کرانا ہونگی۔باخبر ذرائع نے الوطن کو بتایا کہ9کارروائیاں یہ ہونگی کہ غیر قانونی تارک وطن خلاف ورزی کا اقرار نامہ جمع کرائے گا ، ریزرویشن کے ساتھ ٹکٹ ساتھ لائے گا، تمام دستاویزات کی فوٹو کاپیاں پیش کریگا۔ سفر نامے کی اجرا کیلئے مطلوب کارروائی کریگا۔مقررہ جرمانے اور فیسیں ادا کریگا۔ ایسے شخص کو شاہی فرمان کے مطابق بیدخلی کے فنگرپرنٹس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔حکومت نے خبردار کیا ہے کہ کسی شخص نے خروج نہائی ویزے کی میعاد ختم ہونے تک سفرنہیں کیا تو ایسی صورت میں کفیل کا کمپیوٹر بند کردیا جائیگا اس کے بعد بھی ایک ماہ تک کارروائی نہ کی تو اسے گرفتار کرلیا جائیگا۔