پیرس سینٹ جرمین کلب کی چمپیئن بننے کے خواب کی تعبیر ناممکن
پیرس:فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کیلئے چیمپیئنز لیگ جیتنے کا خواب ایک مرتبہ پھر خواب ہی رہے گا ۔ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے اسے اس کے ہوم گراونڈ پر1-3سے شکست دے کر لیگ سے باہر کردیا ۔ کلب کے مہنگے ترین کھلاڑی نیمار جونیئر اس سال بھی زخمی ہونے کی وجہ سے باہر بیٹھ کر ٹیم کو شکست سے دوچار ہوتا دیکھتے رہے۔پیرس سینٹ جرمین نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو اس کے ہوم گراونڈ پر 0-2سے ہرایا تھا ۔انگلش کلب نے گزشتہ روز پیرس میں ہونے والے میچ کے دوران انجری ٹائم میں ملنے والی پنالٹی کک پر میچ کا تیسرا اور فیصلہ کن گول کرکے مجموعی اسکور کی بنیاد پر مقابلہ3-3سے برابر کردیا تاہم مہمان ٹیم کے طور پر زیادہ گول کرنے کی وجہ سے کوارٹر فائنل تک رسائی کی حقدار ٹھہری اور پیرس سینٹ جرمین کو لیگ کے پری کوارٹر فائنل ہی میں باہر ہونا پڑ گیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کو رومیلیو لوکاکونے میچ شروع ہونے کے دوسرے ہی منٹ بعد برتری دلا دی تھی جسے10منٹ بعد پی ایس جی کے کھلاڑی برناٹ نے برابر کیا ۔لوکاکو نے 30ویں منٹ میں اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرتے ہوئے مقابلہ1-2کر دیا اور مقررہ وقت تک اسکور یہی رہا۔ انجری ٹائم میں پیرس کے کھلاڑی کا اپنی ہی ڈی میں ہینڈ بال فاول ہوگیا جس کے بعد ریفری نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو پنالٹی کک دے دی جس پر احتجاج بھی ہوا تاہم فیصلہ برقرار رکھا گیا اور مارکوس ریشفورڈ نے گول کرکے مانچسٹر یونائیٹڈ کو غیر متوقع فتح دلاتے ہوئے کوارٹر فائنل تک پہنچا دیا۔ریشفورڈ نے اپنے کیریئر میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کبھی پنالٹی کک نہیں لگائی تھی تاہم انہوں نے اہم موقع پر پہلی اور کامیاب کک لگا کر میچ کو بھی فیصلہ کن بنادیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں