جازان ۔۔۔ یہاں ایک سعودی شہری نے درد سے کراہتے ہوئے اپنے مریض بیٹے کو مسلسل 6گھنٹے تک بستر فراہم کرنے کے بجائے کرسی پر لٹایا ہوا دیکھ کر ہنگامہ برپا کردیا۔ جازان کے کنگ فہد سینٹرل اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں یہ منظر ہر کس و ناکس کے لئے تکلیف کا باعث بن گیا کہ ایک مریض بچے کو جو تکلیف اور درد سے کراہ رہا تھا بستر فراہم کرنے کے بجائے اسے ایک کرسی پر لٹا دیا گیا۔ مقامی شہری عبدالعزیز خبرانی کا کہناہے کہ وہ اپنے 14سالہ بیٹے ریان کو انتہائی تکلیف کے عالم میں اسپتال لے گیا تھا ۔ایمرجنسی وارڈ میں اسکا معائنہ کیا گیا۔ڈاکٹر کی تجویز کے مطابق اس کے متعدد ٹیسٹ کئے جانے تھے۔ پہلے سے ہی وہ اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم ایمرجنسی وارڈ میں بچے کو کرسی پر لٹا کر یونہی لاوارث چھوڑ دیا گیا۔