فٹبال چیمپیئنز لیگ کے کوارٹرفائنلز کیلئے 8ٹیمیں مکمل
میونخ: انگلش کلب لیور پول اور ہسپانوی کلب بارسلونا بھی چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں جس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز کیلئے 8ٹیمیں مکمل ہو گئیں۔ لیور پول نے دوسرے مرحلے کے پری کوارٹر فائنل میں میزبان جرمن کلب بائرن میونخ کو 3-1سے شکست دے کر ٹائٹل کے حصول کے لئے سفر آگے بڑھایا ۔ مصری فارورڈ محمد صلاح ایک مرتبہ پھر کوئی گول نہ کر سکے تاہم ایک گول میں ان کی مد د شامل رہی۔ سعدیو مانے نے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پھر 2گول کئے جبکہ ایک گول وان ڈک کے حصے میں آیا ۔بائرن میونخ کا واحد گول لیور پول کے کھلاڑی نے خود اپنے خلاف اسکور کیا۔پہلے مرحلے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا لیور پول نے1-3 کی برتری سے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔بارسلونا میں ہونے والے آخری پری کوارٹر فائنل میں میزبان کلب بارسلونا نے فرانسیسی کلب لیون کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-5سے ہرایا۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی پہلے مرحلے کے میچ میں برابر رہی تھیں۔کپتان لیونل میسی نے 18ویں منٹ میں پنالٹی کک پر برتری دلانے کے بعد ٹیم کیلئے دوسرا گول دوسرے ہاف میں کیا جبکہ ایک ایک گول فلپے کوٹنہو، جیراڈ پیکے اور عثمان ڈیمبیلے کے حصے میں آیا اور ہسپانوی کلب بارسلونا واضح برتری کے ساتھ آخری 8ٹیموں کا حصہ بن گیا۔ انگلینڈ کے 4فٹبال کلب 10سال بعد یورپ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچے ہیں۔لیور پول کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم ہوٹسپر نے پہلے ہی آخری 8ٹیموں میں جگہ بنا لی تھی ۔ان میں سے 3ٹیمیں لیورو ول مانچسٹر سٹیاور ٹوٹنہم ڈومیسٹک انگلش ٹورنامنٹ پریمیئر لیگ ٹائٹل کیلئے بھی ایک دوسرے کی قریبی حریف اور پوائنٹس ٹیبل پر ابتدائی 3پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے تاہم ٹوٹنہم اورمانچسٹر یونائیٹڈپوائنٹس کے لحاظ سے لیور پول اور مانچسٹر سٹی سے کافی پیچھے ہیں اور اصل مقابلہ انہی دونوں کے درمیان ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں