Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ اور قانون سازاسمبلیاں اسلام فوبیا کو جرم قرار دیں، سعودی شوریٰ

ریاض۔۔۔سعودی مجلس شوریٰ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک دہشتگردی کے انسداد اور اس کی بیخ کنی پر کمر بستہ ہوجائیں۔ دہشتگردانہ افکار او رفنڈنگ کے خاتمے کے لئے صف بستہ ہوں۔ شوریٰ نے جمعہ کو یہ بیان نیوزی لینڈ کی مساجد میں جمعہ کے نمازیوں پر دہشتگردانہ حملے کے تناظر میں جاری کیا۔ شوریٰٰ نے اسے گھناﺅنی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر میں نسلی تفریق کے بیانیے کو جرم قرار دیا جائے۔ اقوام متحدہ اور قانون ساز اسمبلیاں اسلام اور اسکے پیر و کاروں کے خلاف نفرت انگیزی کو جرم قرار دیں۔ اسے دہشتگردی شمار کریں۔ مجلس شوریٰ نے توجہ دلائی کہ مغربی ممالک میں میڈیا، بعض مغربی دانشوروں اور انتہا پسند دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے اسلام فوبیا کی تحریک چلائی جارہی ہے۔ شوریٰ نے عالمی پارلیمنٹ یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام کے خلاف نفرت کی لہر کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے۔ 

شیئر: