Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں مسافر ٹرین کو اڑانے کی کوشش،4ہلاک

کوئٹہ....ڈیرہ مراد جمالی کے قریب جعفر ایکسپریس ٹرین کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش میں 4 مسافر جاں بحق اور8 زخمی ہوگئے۔ٹرین کی 7 بوگیاں الٹ گئیں۔ریلوے ٹریک کے 400 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔اتوار کو ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن کے قریب ربیع کینال کے مقام پر دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کے ساتھ باردوی مواد نصب کر رکھا تھا۔ ریموٹ کنٹرول کی مدد سے عین اس وقت تباہ کرنے کی کوشش کی جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی 7 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر کر الٹ گئیں۔ 15 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ اسپتال حکام نے 4 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ۔8 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔ ریلوے ٹریک تباہ ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ۔مسافر اپنی مدد آپ کے تحت نجی گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ ہوئے۔حادثے کے بعد پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ٹریک کی مرمت کرکے ٹرینوں کی آمد ورفت بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیرریلوے شیخ رشید نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے دھماکے کو دہشت گردوں کا انتہائی بزدلانہ اقدام قرار دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ریاست ان کا قلع قمع کرکے چھوڑے گی۔

شیئر: