جازان۔۔۔ کوسٹ گارڈز نے جازان میں معذوروں کیلئے سوئمنگ پول اور ساحل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر جازان گورنریٹ کے قائم مقام سیکریٹری عبداللہ المدیمیغ بھی موجود تھے۔ عاجل کے مطابق اس موقع پر انہیں کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر میجرجنرل ناجی الجہنی نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یہاں سرحدی محافظوں کے کمانڈر میجر جنرل محیا العتیبی نے کہا کہ معذوروں کیلئے سوئمنگ پول اور ساحل کا افتتاح انتہائی سوچ سمجھ کر کیاگیا ہے۔ المرجان جزیرے میں معذور تمام حفاظتی انتظامات کے ساتھ تیراکی کرسکیں گے۔ ان کیلئے باقاعدہ ایک جگہ مختص کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معذوروں کیلئے ساحل کا اہتمام انسانیت نواز پالیسی کا حصہ ہے۔ یہاں کسی بھی ممکنہ حادثہ کی صورت میں تلاش ، امداد اور بچاؤ کے جملہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسپیشل وہیل چیئرز کا بندوبست کیاگیا ہے۔ معذوروں کیلئے مخصوص ساحل کا حدود اربعہ متعین کردیاگیا ہے۔ کنٹرول ٹاور اور رہنما بورڈز کا بھی بندوبست موجود ہے۔ 600 مربع میٹر کا رقبہ تیراکی کیلئے مختص ہے۔ ریتیلے ساحل پر لکڑی کی گزر گاہ بنائی گئی ہے۔ طہارت خانوں اور پارکنگ کا بھی انتظام ہے۔ انتباہی بورڈز بھی نصب کئے گئے ہیں۔