انڈین فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، پاک فوج کے3 جوان ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈین فوج کی جانب سے متنازع کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ سیکٹرمیں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین فوج کی فائرنگ سے ایک جوان زخمی بھی ہوا جب کہ انڈین اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور انڈیا کی جانب ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ فروری میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی جھڑپوں کے بعد لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا یہ بڑا واقعہ ہے۔
فروری میں انڈیا کی جانب سے پاکستان کے علاقے جبہ میں فضائی کارروائی کا دعویٰ کیا تھا اور اس دعوے کے ایک دن بعد ہی پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر انڈیا کے دو جنگی جہاز مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم انڈیا نے ایک جہاز کے گرنے کی ہی تصدیق کی تھی۔
پاکستان نے انڈیا کے ایک پائلٹ کو بھی حراست میں لیا تھا جسے دو دن بعد رہا کر دیا گیا تھا۔