سری لنکا کے فاسٹ بالر لیستھ ملنگا 35سال کے ہونے کے باوجود ابھی تک جوان ہیں۔
انہوں نے 24گھنٹے کے دوران دو ملکوں میں کھیلے گئے الگ الگ میچ میں 83رنز دیکر 10وکٹیں حاصل کرلیں۔اس کارکردگی کی بنیاد پر انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔ لیستھ ملنگا سری لنکا کی جانب سے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ میں شمولیت کریںگے۔
ایک دن قبل انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کی جانب سے لیستھ ملنگا نے بالنگ کراتے ہوئے 4اوور ز میں 34رنز دیکر چنئی سپر کنگز کے3کھلاڑیوں شین واٹسن ،قادر جادھیو اور ڈیوائن براوو کو آوٹ کیا ۔
ملنگا کی اس کارکردگی کے باعث ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کو 171رنز کا ہدف حاصل نہیں کرنے دیا اور 37رنز سے میچ جیت لیا۔ اس کے فوراً بعد لیستھ ملنگا سری لنکا کے شہر گال روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے4صوبوں کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کے 50محدود اوورز کے میچ میں حصہ لیا اور گال کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف49 رنز دے کر 7کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس طرح مخالف کینڈی کی ٹیم کو 257رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوورمیں 99رنز پر آوٹ کردیا۔ گال نے یہ میچ 156رنز سے جیت لیا۔
اس طرح اپنے مخصوص انداز اور بالنگ میں مانے ہوئے فاسٹ بولر نے 83رنز کے بدلے 10وکٹیں حاصل کرلیں۔ملنگانے اپنی اس کارکردگی سے آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔ لیستھ ملنگا سری لنکن ٹیم کی جانب سے چوتھی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔