کویت میں دوسری شادی کرنے والی خاتون سمیت مزید سیکڑوں افراد کی شہریت منسوخ
کویتی شہریت کمیٹی نے 2899 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کی سفارش کی ( فوٹو: المرصد)
کویتی شہریت کی اعلی کمیٹی نے 2899 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے شہریت قانون کے تحت سفارشات کابینہ کو ارسال کی ہیں۔
العربیہ کے مطابق کویتی نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع اور وزیرداخلہ شیخ فہد الیوسف نے شہریت کی سپریم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سفارشات کا جائزہ لیا جس میں ان اسباب کا ذکر کیا گیا تھا جن کی بنیاد پر شہریت منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
کویتی قانون کی شق نمبر15 سال 1959 کے تحت دہری شہریت نہیں رکھی جاسکتی، اس شق کے تحت 2 افراد کی شہریت منسوخ کی گئی۔
قانون کی شق نمبر 21 کے تحت دروغ گوئی یا جعل سازی کے ذریعے حاصل کرنے پر 408 افراد کی شہریت کو منسوخ کیا گیا جبکہ 489 افراد جن کا تعلق 54 ممالک سے تھا کی شہریت قانون کی شق 13 کی دفع 4 کے تحت منسوخ کی گئی۔
علاوہ ازیں کویتی اخبار الرای کے مطابق کویتی شہریت رکھنے والی ایک فلپائنی خاتون سے شہریت واپس لی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے’ فلپائنی خاتون نے معمر کویتی سے شادی کے بعد شہریت حاصل کی تھی تاہم کویتی شہری کے انتقال کے بعد اس نے ایک ایشیائی ڈرائیور سے شادی کرلی۔‘
قانون کی شق 8 کے تحت یہ عمل قومی تشخص کو نقصان پہنچانے کے زمرے میں سے ایک ہے۔