ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم
اسلام آباد...حکومت نے ایف آئی اے کوڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہاکہ حکومت نے ایف آئی اے کو ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور فرضی کرنسی ٹریڈ کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاو کی بنیادی وجہ قیاس آرائیوں کو قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ مارکیٹ بہت پر کشش ہے ، ڈالر خرید کر اپنے پیسے نہ برباد کریں۔ خبریں لگ رہی ہیں کہ وزیر خزانہ نے کہہ دیاکہ ڈالر 160تک جائے گا ۔کبھی کہا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف نے کہہ دیا کہ ڈالر 180 کا ہو جائےگئے گا۔ خدا کا واسطہ افواہیں پھیلانی چھوڑ دیں۔ جمعہ کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب اورصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ ڈالر کی مانگ میں اضافے سے قیمت میں اضافہ ہوا ۔ماضی میں جاری خسارے سے بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوںنے کہاکہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاوکی بنیادی وجہ قیاس آرائیاں ہیں۔ آ ئی ایم ایف کے ساتھ ڈالر کی قدر پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ عالمی ادارے کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کہ ایکسچینج ریٹ کیا ہونا چاہیے، ہم نے بہت بڑے اور بڑے مشکل فیصلے بھی کئے ہیں۔
اسد عمرنے کہا کہ پہلے روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا مگر اب روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہے۔ دنیا کھربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے۔پاکستان کی صرف 300ارب کی معیشت ہے۔ ہمیں اپنے قوانین بدلنے ہوں گے، عالمی مارکیٹ کا حصہ بننا پڑے گا ورنہ جنوبی کوریا کی طرح تنہا ہوجائیں گے۔