Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی جرسی تبدیل

بنگلہ دیشی کرکٹ مداحوں کی شدید تنقید کے بعد ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کی جرسی میں سرخ رنگ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کی ایک تصویر 29 اپریل کو منظرعام پر آئی تھی۔ ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں بنگال ٹائیگرز نے ورلڈ کپ کی کٹ پہن کر تصویر کھنچوائی جسے بعد ازاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے میڈیا پر جاری کیا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی اس تصویر پر اس کے مداحوں نے سخت تنقید کی۔
بنگلہ دیشی اخبار بی ڈی نیوز کے مطابق عوام نے نکتہ اٹھایا کہ ہمارے ملک کے قومی پرچم میں سبزرنگ کے ساتھ لال رنگ کا دائرہ بھی ہے، اس لیے قومی ٹیم کی جرسی میں سبز رنگ کے ساتھ لال رنگ بھی ہونا چاہیے۔
شائقین کے اس دباؤ کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کر کے درخواست کی کہ جرسی میں لال رنگ کا اضافہ کیا جائے۔
شائقین کرکٹ کی اس شدید تنقید کے بعد نئی وردی میں لال رنگ کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ میں سبز رنگ کی جرسی کے اوپر لال رنگ کے ساتھ بنگلہ دیش لکھا گیا ہے۔ بنگلہ دیش میں کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو‘ کے نمائندے محمد اسلام نے بنگال ٹائیگرز کی نئی کٹ کی تصویر شیئر کی ہے۔
بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ کو ٹیم کی یہ نئی کٹ بے حد پسند آرہی ہے، دوسری جانب بعض شائقین کرکٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے منتخب کردہ کٹ میں بھی کوئی خامی نہیں تھی۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے یکم مئی کو آئرلینڈ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ ورلڈ کپ سے قبل سہ فریقی سیریزمیں حصہ لے گی۔ سیریز میں ویسٹ انڈیزاورآئرلینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں مشرفیمرتضیٰ(کپتان)، شکیب الحسن(نائب کپتان)، تمیم اقبال، لٹن کمارداس، سومیا سرکار، مشفیق الرحیم، محمود اللہ، ایم ڈی متھن، شبیررحمان، مصدق حسین، سیف الدین، مہدی حسن مرزا، روبیل حسین، مستفیض الرحمان اورابو جیاد راہی ہیں۔

 

شیئر: