حرم شریف کی چھت پر باڑ کی تنصیب مکمل
مسجد الحرام کی چھت پر سیکیورٹی باڑ کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا جبکہ رمضان المبارک کی آمد پر زائرین اور معتمرین کے لیے باب الملک عبدالعزیز کھول دیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے مطابق عمرہ سکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا کہ مسجد الحرام کی چھت پر سکیورٹی باڑ کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا ۔ یہ باڑ حرم شریف کی چھت پر نماز پڑھنے والوں کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے ۔
میجر جنرل محمد الاحمدی کے مطابق بعض ماضی میں معتمرین کی لاپرواہی یا نادانی کے باعث سے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ باڑ کی تنصیب احتیاطی تدبیر ہے تاکہ چھت سے نہ تو کوئی نیچے گرے اور نہ وہاں سے چھلانگ لگا کر زائرین کو پریشان کر سکے۔
الاحمدی نے بتایا کہ چھت سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے اکا دکا واقعات ہی ہوئے ہیں ۔ ان کی تعداد زیادہ نہیں ۔20برس کے دوران 2اہم واقعات ریکارڈ پر آئے ہیں ۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے 500میٹر طویل سکیورٹی باڑ حرم شریف کی چھت پر نصب کی ہے یہ 3.23میٹر اونچی ہے ۔
دوسری طرف کنگ عبدالعزیز گیٹ کھولے جانے کی بدولت زائرین اور معتمرین کو حرم شریف آنے جانے میں بڑی سہولت ہو گی ۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے گزشتہ ہفتے حرم شریف کا دورہ کر کے اعلان کیا تھا کہ باب الملک عبدالعزیز کی تعمیر کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا اور اسے ماہِ مبارک کی آمد پر زائرین و معتمرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔یہ حرم شریف کا سب سے بڑا دروازہ ہے ۔ اس پر کافی عرصے سے کام جاری تھا۔