Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابوظہبی میں سینٹر قائم کرنے کے بعد یوگا سے متعلق غلط فہمیوں کو دورکیا‘

متحدہ عرب امارات کی ایک خاتون مریم الصایغ نے انجینیئرنگ کا شعبہ چھوڑنے کے بعد ’سٹوڈیو‘ کے نام سے خواتین کے لیے مخصوص پہلا یوگا سینٹر قائم کیا ہے۔
مقامی اخبار الامارات الیوم سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ امریکہ سے تعلیم مکمل کرکے واپس آئی تو ابوظہبی میں خواتین کے لیے یوگا سینٹر تلاش کرنے میں کافی دقت پیش آئی اور چند ہی جگہیں ایسی تھیں جہاں خواتین کو علیحدہ یوگا کرنے کی اجازت تھی۔
ان کے مطابق مشکل یہ تھی کہ ان سینٹرز کے پاس یوگا کی خواتین ٹرینرز نہیں تھیں اوریہاں سے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ ابوظہبی میں پہلا پروفیشنل اور باقاعدہ سینٹر قائم کیا جائے۔
مریم کہتی ہیں کہ’ پروفیشنل یوگا سینٹر کھولنے کے لیے بڑے فنڈ کی ضرورت تھی جو میرے پاس نہیں تھا، میں نے شہریوں کے لیے مختص خلیفہ فنڈ برائے منصوبہ جات سے رجوع کیا۔ وہاں میری بڑی پذیرائی ہوئی اور مجھے ضرورت کا فنڈ فراہم کرنے کے علاوہ قانونی تقاضے مکمل کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔‘


مریم کے علاوہ اس سینٹر میں دیگر اماراتی خواتین بھی یوگا ٹرینرز ہیں

مریم کا کہنا ہے کہ سٹوڈیوصرف یوگا سینٹر نہیں بلکہ عرب ممالک میں یوگا کی ترویج و اشاعت اور اس خوبصورت ورزش کے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کا مرکز بھی ہے۔
مقامی اخبار الامارات الیوم سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کا خیال ہے کہ یوگا ہندو یا بودھ مت  کے عقائد پر مبنی  ذہنی  ورزش ہے اسی طرح یہ تصور بھی عام ہے کہ یوگا حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے نہیں تاہم یوگا سٹوڈیو نے ان تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
مریم کا یہ بھی کہنا ہے کہ سٹوڈیو کا افتتاح ہوتے ہی امارات میں موجود خواتین نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ یہاں 16سال سے 60سال تک کی عمر کی خواتین آرہی ہیں۔  سٹوڈیو میں میرے علاوہ دیگر اماراتی خواتین ٹرینرز موجود ہیں تاہم اماراتی ٹرینر خواتین مستقل طور پر یہاں کی ملازم نہیں ہیں لیکن وہ وقت نکال کر آنے والی خواتین کو ٹریننگ دینے آتی ہیں۔
مریم کا مزید کہنا تھا کہ سٹوڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں آنے والی ہر ایک خاتون کی ضرورت اور خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے کورس کرایا جاتا ہے۔ رمضا ن المبارک میں بھی لوگ یوگا کرنے آتے ہیں۔ رمضان میں یوگا بہترین ورزش ہے۔ افطار سے 2گھنٹے قبل کا وقت یوگا کرنے کے لیے مناسب ترین ہے۔ ہمارے سینٹر میں بچے بھی یوگا کرنے آتے ہیں۔

شیئر: