Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کا طیارہ لاپتہ، تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا

طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ ایک بجے کے قریب منقطع ہو گیا تھا
انڈیا میں آسام کے علاقے جورہاٹ میں انڈین ایئر فورس کا طیارہ اے این 32 لاپتہ ہو گیا ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق طیارے میں عملے کے آٹھ افراد اور پانچ مسافروں سمیت کل 13 افراد سوار تھے۔ طیارے کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے آخری رابطہ دوپہر ایک بجے ہوا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق طیارہ آسام کے جورہاٹ علاقے سے دوپہر بارہ بج کر ستائیس منٹ پر ریاست اروناچل پردیش کے علاقے مینچکا کی ایک دور افتادہ فوجی پٹی کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
فضائیہ کے مطابق جورہاٹ سے مینچکا تک کا سفر تقریباً 55 منٹ میں طے ہوتا ہے۔
انڈین فضائیہ کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل پی کھونگسائی نے پیر کو کہا تھا کہ لاپتہ ہونے والے طیارے کی تلاش کے لیے فضائیہ کے طرف سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

انڈین وزیر دفاع کے بقول طیارے کی تلاش جاری ہے
انڈین وزیر دفاع کے بقول طیارے کی تلاش جاری ہے

انڈین وزیر دفاع راج نات سنگھ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'انڈین ایئر فورس کے کئی گھنٹوں سے لاپتہ طیارے اے این 32 کے حوالے سے میں نے فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل راکیش سنگھ سے بات کی ہے۔ انہوں نے مجھے طیارے کی تلاش کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ میں تمام مسافروں کی حفاظت کے لیے دعاگو ہوں۔

دوسری طرف انڈین ایئر فورس نے کہا ہے کہ فضائیہ کی طرف سے انڈین آرمی سمیت کئی سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی مدد سے طیارے کی تلاش جاری ہے جو ہوا اور زمین پر آج رات جاری رہے گی۔

ایئر فورس کے مطابق طیارے کے ممکنہ کریش کی جگہ کے حوالے سے کچھ رپورٹس ملی تھیں تاہم فلحال ملبہ نہیں دیکھا گیا۔ 

خیال رہے کہ جولائی 2016 میں بھی انڈیا کے جنوبی شہر چنئی سے پورٹ بلیئر کے لیے روانہ ہونے والا ایک فوجی طیارہ خلیج بنگال کے اوپر پرواز کے دوران لاپتہ ہوگیا ہے۔
یہ طیارہ بھی اے این 32 قسم کا کارگو طیارہ تھا جس میں 29 افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق اس طیارے کو تلاش نہیں کیا جا سکا تھا۔

شیئر: