’یہ برا ترین ورلڈ کپ ہے، آئی سی سی عزت بچائے‘
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا جوش و خروش انگلینڈ میں ہر آئے روز ہونے والی بارشوں کے باعث ماند پڑ رہا ہے اوربارشوں سے شائقین کرکٹ کے جذبات پر بھی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ ایسے میں آئس لینڈ کرکٹ کے ٹویٹرہینڈل سے مزاح سے بھرپور ٹویٹس کی جا رہی ہیں۔
اس ٹویٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک ٹویٹ میں انگلینڈ میں ہونے والی بارشوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا گیا ہے’ ریکے وک (دارالحکومت) میں آپ کو مسلسل 28 دن بارشوں کے بغیر ملیں گے۔ ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے یورپ کے دیگر ممالک بھی موجود تھے۔‘
اس ٹویٹ کے جواب میں ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’اس ٹویٹر ہینڈل سے بہت عمدہ اور لطف دینے والی ٹویٹس کی جا رہی ہیں۔ گریٹ۔ اسے جاری رکھیں دوستو۔‘
َآئس لینڈ کرکٹ کے ہینڈل سے ایک اور ٹویٹ کی گئی جس میں تحریر تھا ’ برطانیہ میں رہنے والوں کے لیے عرض ہے کہ آئس لینڈ میں کرکٹ ایسی ہے۔ 01۔ جو نیلی چیز ہے وہ آسمان ہے۔ 02 جو چیز سبز نظر آرہی ہے وہ گھاس ہے۔ 03 نیلے یونیفارم میں کرکٹ کھیلنے والا آدمی انٹرنیشنل کھلاڑی ہے۔ 04 لکڑی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بیلز ہیں۔ 05 بیلز اڑ رہی ہیں۔‘
اس ٹویٹ کے نیچے ایک صارف نے لکھا ہے کہ ‘ یہ سب سے برا ترین ورلڈ کپ ہے۔ آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ اپنی عزت بچانے کے لیے یہ ورلڈ کپ آئس لینڈ میں منتقل کر دے۔‘