مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق صدر محمد مرسی قاہرہ کی ایک عدالت میں سماعت کے دوران بے ہوش ہوگئے اور ان کا انتقال ہوگیا۔
اے ایف پی نے عدالتی اور سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں بولتے ہوئے بے ہوش ہوئے تھے، بعد ازاں ان کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے۔
اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ’سابق صدر 20 منٹ کے لیے جج کے سامنے بولتے رہے، اور وہ بے ہوش ہوئے، ان کو جلد ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ انتقال کر گئے۔‘
مصر کے مقامی میڈیا الحرم نیوز ویب سائٹ نے بھی سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ سابق صدر مرسی جمہوری طور پر پہلے منتخب صدر تھے۔ انہوں نے ایک سال حکومت کی اور 2011 میں مصری فوج نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
محمد مرسی کے انتقال پر سب سے پہلا تعزیتی پیغام ترک صدر نے جاری کیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوعان نے سابق صدر کو شہید قرار دیتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں سابق صدر کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ’ اللہ ہمارے بھائی مرسی کی بخشش کرے۔‘
مصر کے دائیں بازو کے سخت گیر رہنما محمد مرسی کو فوج کی جانب سے اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد ان پر متعدد مقدمات بنائے گئے۔ ان مقدمات میں ان پر ایران کے لیے جاسوسی اور حماس جیسی شدت پسند تنظیموں کی حمایت کے الزامات لگائے گئے تھے۔
محمد مرسی کی زندگی پر ایک نظر
سابق صدر کا مکمل نام محمد مرسی عیسیٰ العیاط تھا۔ وہ مصر کے پانچویں صدر کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ 25 جنوری کے انقلاب کے بعد مصر کے پہلے صدر تھے۔ انہیں مصر کا پہلا عوامی منتخب صدر مانا جاتا ہے۔ ان کی کامیابی کا اعلان 24 جون 2012ء کو کیا گیا تھا۔ انہیں 24جون 2012ء کے انتخابات میں 51.73 فیصد ووٹ ملے تھے۔
30 جون 2012ء کو حلف اٹھانے پر منصب صدارت پر فائز ہوئے تھے۔ انہیں 30جون 2013ء کو مصر میں بغاوت کے ذریعے معزول کر دیا گیا تھا۔ تب سے وہ جیل میں قید تھے۔
محمد مرسی الحریہ ولعدالہ پارٹی قائم کرکے اس کے سربراہ بنے تھے۔ وہ الاخوان المسلمین جماعت کے دعوتی ادارے کے رکن تھے، وہ 2000ء تا 2005ء میں مصری پارلیمنٹ کے رکن رہے۔ پیشے کے اعتبار سے مکینکل انجیئنر تھے اور یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے تھے۔ سابق صدر نے انجیئنرنگ میں پی ایچ ڈی تھے۔
محمد مرسی کا بچپن مصر کے معروف علاقے الشرقیہ میں گزرا۔ ان کے والد کاشتکار اور والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ وہ اپنے والدین کے بڑے بیٹے تھے۔ ان کی 2 بہنیں اور 3 بھائی تھے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم الشرقیہ کے اسکولوں میں حاصل کی۔ وہاں سے وہ یونیورسٹی کی تعلیم کےلیے قاہرہ منتقل ہو گئے تھے۔ انہوں نے مصری فوج میں 1975-76ء کے دوران فوجی تربیت بھی لی تھی، یہ تربیت مصر میں لازمی ہوتی ہے۔
محمد مرسی نے 30نومبر 1978ء کو نجلاء محمود سے شادی کی تھی۔ ان کے بچوں میں احمد ، شیماء، اسامہ ، عمر اور عبداللہ ہے۔
محمد مرسی نے 1982ء میں امریکہ ساؤتھ کیلیفورنیا یونیورسٹی سے پروفیسر کروگر اسکالر شپ پر پی ایچ ڈی کی تھی۔