سیاحت پر دُبئی جانے والے 18 برس سے کم عمر افراد کے لیے ویزہ مفت
اب فیملی وزٹ پر بچوں کے لیے ویزہ فیس نہیں لی جائے گی۔ تصویر: Unsplash
متحدہ عرب امارات نے سیاحتی سیزن کے دوران مختلف ممالک سے آنے والے سیاحوں کے 18 برس سے کم عمر بچوں کے لیے مفت ویزے کی سہولت کا اعلان کیا ہے۔
فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دُبئی میں سیاحتی سیزن کا آغاز 15 جولائی سے 15 ستمبر تک رہتا ہے۔ اس دوران بیرون ملک سے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 18 برس سے کم عمر بچوں کو مفت ویزہ فراہم کیا جائے گا۔
’امارات ٹوڈے‘ کی خبر کے مطابق غیرملکی سیاحوں کے بچوں کے لیے مفت ویزوں کا اجرا 15 جولائی سے کیا جائے گا جس کا نفاذ ہر برس سیاحتی سیزن کے لیے ہوگا۔
قومی ادارہ برائے شہریت اور غیر ملکیوں کے اقامتی امور نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ 18 برس سے کم عمر بچوں کے لیے ویزے کی بنیادی شرط ہے کہ وہ اپنے والدین یا دونوں میں سے کسی ایک کے ہمراہ دُبئی آ رہے ہوں۔
بچوں کے لیے سیاحتی ویزوں کے اجرا کے حوالے سے ادارے کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے اس حوالے سے تعارفی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور اس ضمن میں ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر معلوماتی ہینڈ بل اور بروشرز مہیا کیے جائیں گے جن میں تمام تفصیلات درج ہوں گی تاکہ ویزہ حاصل کرنے والوں کو مکمل معلومات حاصل ہوسکیں۔
سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کے لیے ادارے کی ویب سائٹ https:// smartservices.ica.gov.ae یا اسمارٹ ایپ ( ica uae echannels ) پر لاگ ان کیا جا سکتا ہے۔ ویب سائٹ پر سیاحتی فیملی ویزے کے سیکشن میں مذکورہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سیاحت کے لیے آنے والے اپنے ملک میں کسی مستند ٹریول ایجنسی کے ذریعے بھی ویزے حاصل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں امارات کی قومی ایئرلائن کے دفاتر سے بھی بچوں کے مفت ویزے کے لیے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل اپنی فیملی کے ساتھ دُبئی جانے والے سیاحوں کو فی پاسپورٹ ویزہ فیس جمع کرانا پڑتی تھی ۔ اب فیملی ویزے پر 18 برس سے کم عمر بچوں کے لیے فیس ادا نہیں کرنا پڑے گی۔