Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر بالی وڈ کے اداکار نہ ہوتے تو کیا یوگا اتنا ہی مشہور ہوتا؟

انڈیا سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں 21 جون کو پانچواں بین الاقوامی یوگا ڈے منایا جا رہا ہے۔
یوگا ہندوستان میں ورزش کا ایک قدیم طریقہ ہے جسے ان دنوں دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور اسے مشہور شخصیات اپنی روٹین میں شامل کررہی ہیں۔
معروف یوگا گروؤں کے علاوہ بالی وڈ کی بعض شخصیات بھی اس کی شہرت کا سبب ہیں۔
بالی وڈ میں جہاں سلمان خان کو جم کا ’سمبل‘ سمجھا جاتا ہے اور انہوں نے جس طرح اداکاروں میں ورزش اور فٹنس کو متعارف کرایا ہے اسی طرح شلپا شیٹی، ملائکہ اروڑہ، کرینہ کپور، عالیہ بھٹ اور بپاشا باسو جیسی اداکاراؤں نے یوگا کو نئی جہت اور نیا مقام عطا کیا ہے۔

معروف یوگا گروؤں کے علاوہ بالی وڈ کی بعض شخصیات بھی اس کی شہرت کا سبب ہیں۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز

ان لوگوں میں سے بعض نے نہ صرف یوگا کو اپنی زندگیوں میں شامل کیا ہے بلکہ اس کی تعلیم کے لیے ایپ بھی تیار کی ہے جس میں وہ یوگا کے مختلف پوز میں نظر آتی ہیں۔
شلپا شیٹی کے ویڈیوز کو ٹی وی چینلوں اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز پر دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ جاذب نظر انداز میں یوگا سکھاتی نظر آتی ہیں۔
ان کے بعد ’منی بدنام ہوئی‘ جیسے آئیٹم سانگ کے لیے معروف اداکارہ ملائکہ اروڑہ نے بھی آج کی خواتین کے لیے ’دیوا یوگا‘ نامی فٹنس سٹوڈیو قائم کیا ہے۔

بالی وڈ میں سلمان خان کو جم کا شوقین مانا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

یوگا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ جاپانی اور چینی ورزش تائیچی کی طرح کہیں بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس میں جسم اور روح کا توازن بنایا جاتا ہے۔ اس کے بعض آسن بہت مشکل ہوتے ہیں اور برسوں کے ریاض کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
شلپا شیٹی نے اعتراف کیا کہ وہ گذشتہ 15 سالوں سے یوگا کر رہی ہیں لیکن وہ ابتدا میں اس سے بہت ہم آہنگ نہیں تھیں۔ انھوں نے کہا مجھے یہ اعتراف کرنے میں شرم نہیں کہ میں ابتدا میں شیرس آسن (یعنی سر کے بل کھڑے ہونے) سے خوفزدہ تھی۔'
انھوں نے یوگا ڈے پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے سوریہ نمسکار (یعنی سورج کو سلام، اس طریقہ ورزش میں کئی آسن شامل ہیں اور یہ اعلی سطح کی ورزش ہے) سکھانے کی کوشش کی ہے۔

عالیہ بھٹ جن کے انسٹا گرام پر ساڑھے تین کروڑ فالوورز ہیں وہ بھی گاہے بگاہے اپنی یوگا کی تصاویر ڈالا کرتی ہیں۔

اسی طرح ملائکہ اروڑہ جو کہ فٹنس کو لے کر بالی وڈ میں بہت معروف ہیں وہ اپنے انسٹا گرام پرمستقل طور پر یوگا کی اپنی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
اداکارہ جیکلن فرنانڈیز جنھیں آپ نے سلمان خان کی فلم 'کک' میں دیکھا ہوگا وہ خود کو 'یوگینی' کہتی ہیں اور وہ قدرے مختلف قسم کا یوگا کرتی ہیں جو کہ بظاہر مشرق و مغرب کا فیوژن نظر آتا ہے۔
کرینہ کپور خان نے اپنے بیٹے تیمور کی پیدائش کے بعد تیزی کے ساتھ اپنا وزن کم کیا اور اس کا سہرا وہ مختلف قسم کی ورزش کے ساتھ یوگا کو بھی دیتی ہیں۔
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی یوگا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انھوں نے جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں جمعے کو پانچویں بین الاقوامی یوگا ڈے پر کہا کہ یہ ہر جگہ اور ہر زمانے کے لیے ہے۔
پی ایم او انڈیا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس موقعے پر انھوں ٹویٹ کیا، 'یوگا قدیم بھی ہے اور جدید بھی، یہ مستقل بھی ہے اور ارتقائی بھی، صدیوں سے یوگا کی روح یکساں رہی ہے۔ صحت مند جسم، مستحکم ذہن اور روح کی وحدت۔ یوگا، علم و عمل اور عقیدت کا درست مرکب ہے۔'

شیئر: