سعودی ملٹری کمپنی نے برطانیہ کی الیکٹرانک کمپنی کے تمام حصص خرید لئے
ایس اے ایم آئی اوربرطانوی کمپنی کے عہدیدار وں کامعاہدے پر دستخط کے بعدگروپ فوٹو (تصویر:واس)
سعودی عریبین ملٹری انڈسٹریز کمپنی (ایس اے ایم آئی ) نے برطانیہ کی ایڈوانس الیکٹرانک کمپنی ( اے ای سی ) کے تمام حصص خرید لئے۔سودے کے ضوابط اور شرائط پر دستخط کے وقت سعودی عریبین ملٹری انڈسٹریز (ایس اے ایم آئی ) کے چیئرمین احمد الخطیب اور بی اے ای سسٹمز کے چیئرمین بھی موجود تھے ۔
ایس اے ایم آئی سعودی عسکری کمپنی ہے ۔یہ 17مئی 2017ء کو قائم کی گئی تھی ۔مملکت کی مجموعی قومی پیداوار میں اس کا حصہ 14ارب ریال سے زیادہ تک کا متوقع ہے ۔یہ کمپنی ریسرچ پر 6ارب ریال لگا رہی ہے ۔یہ مملکت میں 40ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع مہیا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے ۔
اے ای سی کمپنی کا ہیڈ کوارٹرریاض میں ہے ۔ یہ کمپنی 1988ء کے دوران اقتصادی توازن پروگرام ای او پی کے تحت قائم کی گئی تھی کئی کمپنیاں اس کے قیام میں شریک تھیں۔
یہ کمپنی 3عشروں سے جدید الیکٹرانک عسکری مصنوعات ،سسٹمز کی خامیاں دور کرنے اور ضرورتیںپوری کرنے اور اصلاح و مرمت کے شعبوں میں نمایاں کام کرتی رہی ہے ۔اے ای سی نے 30برس میں اپنے اچھوتے کاموں کی وجہ سے پورے علاقے میں نام پیدا کر لیا ۔یہ عسکری دفاع ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، توانائی ، سائبر سیکیورٹی اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی میں بڑی مہارت رکھتی ہے ۔
ایس اے ایم آئی( سامی ) کے چیئرمین الخطیب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سامی 3برس پہلے سعودی وژن 2030ء کے تناظر میں قائم کی گئی تھی ۔تب سے اب تک رفقائے کارکے تعاون سے تربیت یافتہ عملے نے اچھے خاصے اہداف پورے کر لئے ہیں ۔نیا معاہدہ کمپنی کی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہو گا ۔ اس کی بدولت ہم سعودی عرب میں پائیدار ، مضبوط ، متحرک فوجی صنعتیں زیادہ بڑی تعداد میں قائم کرسکیں گے ۔ یہ صنعتیں معیاری بھی ہوں گی۔
الخطیب نے توجہ دلائی کہ الیکٹرانک دفاعی نظام آرمی کیلئے بیحد اہمیت رکھتا ہے ۔ ترقی یافتہ الیکٹرانک کمپنی اے ای سی کے حصص حاصل ہونے پر سامی دفاعی صنعتوں کے عالمی نقشے پر اپنی پہچان بنا لے گی ۔
اے ای سی نے گزشتہ برسوں کے دوران سال بہ سال پے درپے کامیابی حاصل کی ۔ 2018ء کے دوران اس نے 2.07ارب ریال کے سودے کئے تھے جبکہ 2017ء میں 1.925ارب ریال اور اس سے قبل 2016ء میں 1.65ارب ریال کے سودے کئے گئے تھے ۔