Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کا سربراہ ابواسامہ المہاجر گرفتار

ابو اسامہ المہاجر کو تین جون کی صبح یمن سے گرفتار کیا گیا، تصویر واس
سعودی اور یمنی سپیشل فورسز نے مشترکہ آپریشن کر کے یمن میں شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابواسامہ المہاجر کو گرفتار کر لیا۔ 
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل الترکی المالکی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سعودی عرب اور یمنی سپیشل فورس کا مشترکہ سکیورٹی آپریشن تھا ۔ داعش کے مالیاتی امور کے سربراہ اور ان کے کئی رفقائے کار کوکامیاب سکیورٹی آپریشن کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی اتوار تین جون کو یمن کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 20 منٹ پر کی گئی۔
سعودی خبر رساں ادارے واس کے مطابق سعودی اور یمنی فورسز کی جانب سے ابواسامہ کا مسلسل تعاقب کیا جا رہا تھا اور اطلاع ملی تھی کہ وہ ایک گھر میں چھپا ہوا ہے جہاں اس کے ہمراہ تین خواتین اور تین بچے بھی تھے۔ 

ابو اسامہ المہاجر کی گرفتاری کے لیے آپریشن میں کوئی خاتون یا بچہ زخمی نہیں ہوا، تصویر واس

کرنل المالکی نے بتایا کہ عرب اتحاد کی فورسز نے سکیورٹی آپریشن سے قبل شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی تھیں ۔ پہلے سے اس امر کی منصوبہ بندی کر لی گئی تھی کہ گرفتاری کی کارروائی سے آس پاس کے رہائشیوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔ خاص طورپر مکان میں موجود بچوں اور خواتین کی سلامتی کیلئے تمام حفاظتی انتظامات مکمل تھے۔ 
المالکی نے بتایا کہ 10 منٹ تک جاری رہنے والے آپریشن میں گھر میں موجود کوئی بھی خاتون یا بچہ زخمی نہیں ہوئے ۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ، گولہ بارود، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، مختلف ممالک کی کرنسیاں، رابطے کے آلات ، جی پی ایس اور الیکٹرانک آلات ضبط کر لئے گئے ہیں۔

اکرنل المالکی کے مطابق سکیورٹی آپریشن دہشت گرد تنظیموں کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے معاون ثابت ہو گا، تصویر واس

المالکی نے بتایا کہ یہ سکیورٹی آپریشن دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گرد تنظیموں کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے سعودی عرب اور یمن کے درمیان  کامیاب تعاون کی روشن مثال ہے۔
المالکی نے واضح کیا کہ سعودی عرب داعش کے خلاف عالمی اتحاد اور اپنے اتحادیوں کے تعاون سے دہشت گردی کی بیخ کنی کا مشن جاری رکھے گا۔ الترکی نے کہا کہ تحقیقات کا تقاضا ہے کہ فی الحال دیگر تفصیلات کو ابھی عام نہ کیا جائے، مناسب وقت پر تمام تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا ۔ المالکی کا کہنا تھا کہ ابواسامہ المہاجر کی گرفتارشدت پسند تنظیم داعش کیلئے سخت دھچکہ ثابت ہو گی اور یمن میں اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

 

شیئر: