اقرا اور یاسر کی جوڑی: ’منفی سوچ والو! جیو اور جینے دو‘
اقرا اور یاسر کی جوڑی: ’منفی سوچ والو! جیو اور جینے دو‘
پیر 8 جولائی 2019 3:00
یاسر حسین نے اقرا عزیز کو لکس سٹائل ایوارڈ میں سب کے سامنے پروپوز کیا۔(فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان شوبز انڈسٹری کے دو ابھرتے ستاروں اقرا عزیز اور یاسرحسین کی دوستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، دونوں کے درمیان تیزی سے بڑھتی قربتوں کی وجہ سے کئی طرح کی افواہیں بھی گردش کرتی رہی ہیں جن کی تردید کبھی سامنے نہیں آئی۔
دونوں کو مختلف تقریبات میں بھی اکثر ساتھ دیکھا گیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی دونوں کی جانب سے ایسی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی گئیں جنہوں نے ان کے تعلق کے حوالے سے کئی شبہات کو جنم دیا۔
حال ہی میں اقرا عزیز اور یاسر حسین گرمی کی چھٹیاں منانے تھائی لینڈ گئے تھے اور اپنے سیر سپاٹے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کرتے رہے۔
سوشل میڈیا سمیت کئی انٹرویوز میں بھی دونوں ایک دوسرے کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرچکے ہیں اور مداح منتظر تھے کہ کب ان کی پسندیدہ جوڑی باضابطہ طور پر اپنے دوستی کے تعلق کو نئے رشتے میں بدلے گی لیکن اب یہ انتظار ختم ہوچکا ہے۔
یاسر حسین نے اقرا عزیز کو لکس سٹائل ایوارڈ میں ڈرامائی انداز میں سب کے سامنے پروپوز کردیا، انہوں نے اقرا کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انگوٹھی پہنائی۔
اقراعزیز کے چہرے پر خوشی اور حیرت کے ملے جلے تاثرات تھے جس کے بعد وہ یاسر حسین کے گلے لگ گئیں۔ یاسر حسین اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
تقریب میں موجود سبھی فنکاروں نے تالیاں بجا کر دونوں کو مبارکباد دی اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایسے میں سوشل میڈیا صارفین بھی بھلا کہاں پیچھے رہتے،اس وقت ٹوئٹر پر اقرا عزیز اور یاسر حسین کے نام سے ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی جہاں مداحوں نے شوبز کے دمکتے ستاروں کے نئے رشتے میں بندھنے پرخوشی کا اظہار کیا وہیں کچھ صارفین نے دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
عائشہ نامی صارف نے لکھا کہ ’اس شاندار نئے سفر کے لیے نیک تمنائیں، بہرحال نوا کٹا کھل گیا۔‘
محب وطن کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ’یہ ان دونوں کی زندگی ہے جیسے بھی پروپوز کیا اسے چھوڑ دو، دعا کرو کہ وہ خوش رہیں۔پاکستانی ہر کام میں منفی چیز ہی کیوں تلاش کرتے ہیں؟
ایک اور صارف فریحہ نے دونوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا’ کھلم کھلّا پیار کریں گے ہم دونوں۔‘
حنا خان آفریدی نے لکھا کہ ’اقرا عزیز اور یاسر حسین کو مبارکباد، دونوں ہی کمال ہیں۔ یہ کتنا شاندار پرپوزل تھا۔ خوش اور سلامت رہیں۔ منفی سوچ رکھنے والو! جیو اور جینے دو۔‘
واضح رہے کہ اقرا عزیز پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں اور مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں انہوں نے 2014 میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ یاسر حسین بطور اداکار اور میزبان اپنی صلاحتیں منوا رہے ہیں۔