سروے میں شامل افراد کی اوسط عمر 42 سال تھی اور ان میں سے 79 فیصد خواتین تھیں۔فوٹو اے ایف پی
گرمی میں پیاس بجھانے کے لیے ہر کوئی کولڈ ڈرنکس اور فروٹ جوسز کا سہارا لیتا ہے، لیکن ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان مشروبات کے استعمال سے مختلف اقسام کا کینسر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور تھوڑی دیر کی راحت کسی بڑے مسئلے کو جنم دے سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس میں محققین کی ایک ٹیم نے مصنوعی چینی سے بنے مشروبات اور اس سے پیدا ہونے والی کینسر کی مختلف اقسام مثلاً چھاتی، غدود اور معدے کے کینسرکی تحقیق کے لیے ایک لاکھ افراد کا سروے کیا۔
سروے میں شامل افراد کی اوسط عمر 42 سال تھی اور ان میں سے 79 فیصد خواتین تھیں۔
سروے میں شامل افراد کی نو برس تک نگرانی کی گئی جس میں ان کے روزانہ چینی استعمال اور اس سے بنے کولڈ ڈرنکس کا حساب رکھا گیا۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ صرف 100 ملی لیٹر سوڈا ڈرنکس اور فروٹ جوس پینے سے جسم کی کسی بھی حصے میں کینسر ہونے کے چانسز 18فیصد بڑھ جاتے ہیں، جبکہ چھاتی کا کینسر پیدا ہونے کی امکانات 22 فیصد ہو جاتے ہیں۔
سروے کے نتائج کے مطابق ایک لاکھ میں سے 2,193 لوگوں میں کینسر پایا گیا اور مریضوں کی اوسط عمر 59 برس تھی۔
ماہرین کی رائے ہے کہ مصنوعی چینی سے تیار کردہ مشروبات کا استعمال ترک کرنے سے کینسر کے امکانات کو کم کیا جا سکتا۔