سعودی آرمی مرکز برائے امراض و جراحت قلب نے 20 منٹ تک دھڑکن بند ہونے کے باوجود دل کی پیوند کاری کا آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا۔ آپریشن مسلسل 12 گھنٹے تک جاری رہا۔
سبق نیوز کی ویب سائٹ کے مطابق مرکز جراحت قلب کے ڈائریکٹر خالد القرنی نے بتایا کہ ’ایک 46 سالہ مریض ہسپتال لایا گیا۔ ضروری طبی معائنے سے پتا چلا کہ اس کا دل انتہائی خراب حالت میں ہے اور پیوند کاری کی ضرورت ہے تاہم متبادل دل کا انتظام اگلے روز ہی ممکن ہو سکا۔
مریض کو آپریشن کے لیے بیہوش کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران اس کے دل کی دھڑکن بند ہو گئی۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے 20 منٹ تک دھڑکن بحال کرنے کی سرتوڑ کوشش کی اور شریان کے ذریعے مریض کوہنگامی طور پر دوران منتقلی خون کی مشین لگا دی۔
القرنی نے مزید بتایا کہ دو گھنٹے بعد مریض کے لیے مطلوبہ دل پہنچ گیا جس کے بعد پیوند کاری کے لیے پیچیدہ آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا۔ مریض اگلے روز ہوش میں آ گیا اور دماغ سمیت اس کے جسم کا کوئی بھی عضو متاثر نہیں ہوا۔
جراحت قلب کے مرکز کی ٹیم نے یہ اپنی نوعیت کا منفرد آپریشن کیا۔
خیال رہے کہ اس مرکز میں 2018ء کے دوران 99 فیصد اوپن ہارٹ سرجریز کامیاب رہیں۔