سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر1 میں وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف اہم ترین مقدمے کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان بینچ کے سربراہ ہیں، آج اہم ترین دن ہے کیونکہ وزیراعظم کے خلاف مقدمے کا فیصلہ متوقع ہے۔
اگر جرم ثابت ہو گیا تو وزیراعظم سزا پا کرعہدے سے نااہل ہو جائیں گے، سارے ملک کی نگاہیں سپریم کورٹ پر لگی ہیں۔ معروف سینیئر وکیل ایس ایم ظفر بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں، اچانک باہر سے سینکڑوں افراد کے نعروں کی گونج سنائی دینے لگی، ’میاں دے نعرے وجن گے، سجاد۔۔۔۔ ہائے ہائے، سجاد۔۔۔ ہائے ہائے۔‘
ہجوم سپریم کورٹ کی راہدریوں میں داخل ہوچکا تھا، اتنے میں دو صحافی گھبرائے ہوئے کمرہ عدالت میں داخل ہوتے ہیں اور چیف جسٹس سے مخاطب ہو کرکہتے ہیں کہ ’مائی لارڈ وہ آ رہے ہیں۔‘
چیف جسٹس اپنی نشست سے فورا کھڑے ہوئے، میاں نواز شریف کے وکیل ایس ایم ظفر کا شکریہ ادا کیا اور عدالت سے باہر نکل گئے۔ باقی جج بھی جان بچانے کے لیے باہر کی جانب بھاگے۔ چند لمحوں میں سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر اور باہر ہر طرف مسلم لیگ ن کے بپھرے ہوئے کارکن دکھائے دے رہے تھے جن کی قیادت سیف الرحمن کر رہے تھے۔

جب پاکستان کی سب سے اعلیٰ ترین عدالت میں یہ سب کچھ ہو رہا تھا تو میاں شہبازشریف اس وقت کیا کر رہے تھے؟ اس حوالے سے ان ہی کے ماضی کے ایک انتہائی قریبی ساتھی، چوہدری شجاعت حسین نے اپنی آپ بیتی ’سچ تو یہ ہے‘ میں ایک جگہ تحریر کیا ہے کہ
’جب 28 نومبر 1997 کو سپریم کورٹ پرحملہ ہوا تو میاں شہباز شریف حملہ آوروں کو اسپیکر پر کہہ رہے تھے کہ ’تمام کارکن پنجاب ہاؤس سے کھانا کھا کرجائیں ، وہاں قیمے والے نانوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
’جج ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا گیا‘Node ID: 425516
-
ویڈیو سکینڈل: ارشد ملک، ناصر بٹ اور ناصر جنجوعہ کون؟Node ID: 425586
چند روز قبل جب جسٹس سجاد علی شاہ نے میاں نواز شریف کو توہین عدالت کا نوٹس بھیج کر طلب کیا تو میاں نواز شریف کیا سوچ رہے تھے ؟ ان کے ماضی کے ایک انتہائی قریبی رفیق گوہر ایوب اپنی کتاب ’گلمپسس ان ٹو دی کاریڈورز آف پاور‘ میں لکھتے ہیں ’جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ اور وزیرِاعظم کی چپقلش عروج پر پہنچ گئی تو وزیرِاعظم نے مجھے قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں آنے کو کہا۔ میں پہنچا تو وہاں بہت سے لوگ بیٹھے تھے۔ اس کے بعد وزیرِاعظم نے کہا کہ میں ان کے ساتھ وزیرِاعظم ہاؤس چلوں۔ راستے میں انہوں نے اپنا ہاتھ میرے گھٹنے پر رکھتے ہوئے کہا کہ گوہر صاحب مجھے کوئی ایسا راستہ بتائیں کہ میں ایک رات کے لیے چیف جسٹس کو گرفتار کرکے جیل بھیج سکوں۔ میں نے کہا کہ خدا کے واسطے ایسا سوچیں بھی نہیں ورنہ پورا نظام ہل جائے گا۔ اس کے بعد نواز شریف خاموش ہوگئے۔‘ اس گفتگو کے چند دنوں بعد ہی سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا گیا۔

قیمے والے نانوں کے بل پرہونے والے اس حملے کے کچھ عرصے بعد چیف جسٹس سجاد علی شاہ اورتقریبا پونے دوسال بعد وزیراعظم نوازشریف کو بھی رخصت ہونا پڑا، 28 نومبر1997 کےاس تلخ سانحے کو 22 برس گزر چکے ہیں مگر لگتا ہے ہم ابھی وہیں کھڑے ہیں ، بقول اقبال
وائے ناکامی متاع کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا
ایک بار پھر میاں نواز شریف عدلیہ کے مقابل کھڑے ہیں، پانامہ کیس کے بعد سے مسلم لیگ ن کا تمام بیانیہ خلائی مخلوق اورعدلیہ کو نشانہ بنانے کے گرد گھوم رہا ہے، اس کیس کو مسلم لیگ ن نے قانونی نکات کے بجائے سیاسی بیانیے پر لڑا، کیس سے قبل ہی کئی بڑی غلطیاں کی گئیں، مریم نواز کے کہنے پرحسین نواز نے اپنے انٹرویو میں فلیٹوں کی ملکیت تسلیم کر لی، میاں نواز شریف نے پارلیمنٹ میں یہ معاملہ حل کرنے کے بجائے، پارلیمنٹ سے بار بار خطاب کر کے اسے خود ایک بڑا سیاسی مسئلہ بنا دیا۔اس دوران اگر میاں نواز شریف قبل ازوقت انتخابات کا اعلان کردیتے تو جیسے ان کے دوست طیب اردوغان نے جون 2018 میں قبل از وقت انتخابات کروا کر اپویشن کی تحریک کو ٹھنڈا کر دیا تھا، یہاں بھی کچھ ایسا ہی ہوتا۔ لیکن پے در پے غلطیوں نے اس معاملے کو سپریم کورٹ تک پہنچا دیا اور اس کے بعد بات تاحیات نااہلی سے ہوتی ہوئی کوٹ لکھپت جیل تک جا پہنچی۔
