’چین نے سیکیورٹی کونسل میں حمایت کا یقین دلایا ہے‘
’چین نے سیکیورٹی کونسل میں حمایت کا یقین دلایا ہے‘
ہفتہ 10 اگست 2019 17:46
’چین نے سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا ہے‘ (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’چینی وزیر خارجہ نے کشمیر سے متعلق ہمارے موقف کو توجہ سے سنا، چین نے ہمیں اقوام متحدہ میں حمایت کا یقین دلایا ہے۔‘
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے دورہ چین کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چین کا دورہ بروقت اورمفید رہا، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ڈھائی گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔
انہوں نے بتایا کہ چین نے ہمارےموقف کی بھرپور تائیدکی اور مسئلے پرہمارا مکمل ساتھ دینےکا عندیہ دیا،چین نے جو ردعمل دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے آگاہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکو سکیورٹی کونسل لے جانا چاہتا ہے جس پر چین نے سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔ چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے۔
وزیرخارجہ نے بھارت کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا چھٹا دن ہے، انڈیا دنیا کو تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ آرٹیکل 370 اس کا اندرونی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’حالات خون خرابے کی طرف جارہے ہیں، نہیں چاہتے کہ کوئی خون خرابا ہو۔‘
شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے فوری طورپرمعاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ دہرایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کا بیان ہمارے مؤقف کی تائید کرتا ہے، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کےمسلمانوں کی سیاسی، سفارتی ، اخلاقی معاونت جاری رکھےگا۔