غیر ملکی ملازمین کے لیے فوری ویزا
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے زیادہ سعودی ملازم رکھنے والے نجی اداروں کو غیر ملکی ملازم لانے کےلئے فوری ویزے کی سہولت جاری کر دی ۔ نجی ادارے مختلف سرکاری محکموں کے چکر لگانے اور 8ماہ تک طرح طرح کی کارروائیوں سے مستثنیٰ ہوں گے ۔ یہ ہنگامی بنیادوں پر غیر ملکی ملازم لانے کےلئے ویزے حاصل کر سکیں گے ۔
مکہ اخبار کے مطابق وزارت محنت کے مطابق اگر نجی ادارہ موثر ہو ، اسکے یہاں سعودی ملازم مقررہ شرح سے زیادہ ہوں۔ادارے کے ورک پرمٹ کی میعاد باقی ہو ۔کارکنان کی تنخواہیں مقررہ وقت پر بینکوں میں جمع کرارہا ہو ۔سعودی ملازمین کی مقررہ شرح13ہفتوں سے مسلسل پوری کر رہا ہو۔26ہفتوں سے سعودی ملازمین کی مطلوبہ تعداد کے تقاضے پورے کر رہا ہو۔
وزارت محنت نے توجہ دلائی ہے کہ ایسے ادارے کو باہر سے ملازم لانے کےلئے ویزوں کی کارروائی آسان بنا دی گئی ہے ۔ایسے ادارے کو کسی بھی محکمے سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ایسے ادارے آن لائن کارروائی کر کے ویزے حاصل کر سکیں گے ۔
واضح رہے کہ ایسے ادارے جو مطلوبہ تعداد میں اپنے یہاں ملازم تعینات کئے ہوتے ہیں انہیں’گرین نطاق‘والا ادارہ کہا جاتا ہے ۔فوری ویزے حاصل کرنے کی سہولت گرین نطاق میں اے گریڈ رکھنے والے اداروں کو ہی حاصل ہو گی۔