سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئے عمرہ موسم کے لئے نئی اسکیموں کا اعلان کردیا۔امسال عمرہ موسم کا آغاز یکم محرم مطابق 31اگست سے ہوگا ۔ حجاج کا آخری قافلہ 14ستمبر کو روانہ ہوگا۔
وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے جدہ میں وزارت کے زیر انتظام حج و عمرہ فورم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ نئے عمرہ موسم کی تمام تیاریاں مکمل کر لیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق سیکریٹری عمرہ ڈاکٹر عبدالعزیز وزان کا کہنا تھا کہ نئے عمرہ موسم کی حکمت عملی عمرے پر آنے والوں کیلئے عمدہ خدمات پیش کرنے کی ہے۔ نئے عمرہ موسم میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 18فیصد افراد زیادہ آئیں گے۔عمرہ کمپنیوں کو زائرین کا سفر یادگار بنانے کے لئے ترغیبات دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں7ملین سے زائد افراد عمرے کے لئے پہنچے تھے۔
سیکریٹری عمرہ وزان نے مزید کہا کہ نئی حکمت عملی سعودی وژن 2030کی روشنی میں تیارکی گئی ہے۔اس کا ہدف 2030تک عمرے پر آنے والوں کی تعداد30ملین تک پہنچانا ہے۔ اس مقصد کیلئے قانون سازی بھی ہورہی ہے ۔ نئے قاعدے ضابطے تیار کئے جارہے ہیں۔ عمرہ ویزاپالیسی نرم کی جارہی ہے۔سینٹرل ریزرویشن پلیٹ فارم جاری کیا گیا ہے۔
وزارت نے عمرہ کمپنیوں اور بیرونی ایجنٹوں کوحج و عمرہ فورم میں جمع کیا ہے۔ اس کے تحت 11ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔اس موقع پر عمرہ سے تعلق رکھنے والے تمام اداروںکو یکجا کرکے انہیں نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا ہے۔آئندہ ای عمرہ سسٹم کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔
پاکستان سے بھی حج و عمرہ فورم میں متعدد شخصیات مدعو ہیں۔گزشتہ عمرہ موسم میں سب سے زیادہ زائرین پاکستان ہی سے آئے تھے۔ پاکستان سے فورم میں شریک شخصیات نے نئی عمرہ پالیسی کا خیر مقدم کیا۔
نئی عمرہ پالیسی کے تحت ویزے کی ساری کارروائی آن لائن ہوگی۔ ویزا پاسپورٹ پر پرنٹ ہونے کے بجائے آن لائن حاصل ہوگا۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ کے ہوٹلوں میں رہائش کے لئے بکنگ بھی آن لائن ہوگی۔ اسی طرح سعودی عرب میں مقدس شہروں اور مختلف مقامات پر آنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ بکنگ بھی ای سسٹم کے ذریعے کی جاسکے گی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 6جون 2019ءتک عمرہ ویزے پر 7222369زائر بری ، بحری اور فضائی راستوں سے سعودی عرب پہنچے ۔
وزارت حج و عمرہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عمرے پر سب سے زےادہ پاکستانی آئے انکی تعداد 1626080ریکارڈکی گئی۔انڈونیشیا دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے 950748عمرے پر پہنچے ۔انڈیا تیسرے نمبر پر رہا جہاں سے 645256عمرے کےلئے مملکت پہنچے ۔مصر چوتھے ، الجزائر پانچویں ، یمن چھٹے ، ترکی ساتویں ، ملائیشیا آٹھویں ، عراق نویں اور سوڈان دسویں نمبر پرر ہا۔
سعودی عرب وژن 2030ءآئندہ برسوں کے دوران 30ملین افراد کو عمرہ ویزے جاری کرنے کا ہدف مقرر کئے ہوئے ہے۔
مذکورہ تعداد باہر سے عمرے پر آنیوالوں کی ہے ۔ اندرون مملکت سے عمرہ کرنیوالے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔
امسال ہوائی جہازوں سے 6470368،بری راستے سے 703478اور سمندر کے راستے 133510کے لگ بھگ زائرین نے عمرہ کیا۔